Sports News
وسیم اکرم: بابر سے صرف اتنا کہا کیا بولرز کو یارکر کرنی نہیں آتی؟
پاکستان سپر لیگ سیون میں بدھ کی شب کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ میں ملتان سلطانز کی اننگز کا 19 واں جاری تھا کہ اس موقع پر کیمرے کی آنکھ نے باؤنڈری پر کراچی کنگز کے صدر اور اس کے تھنک ٹینک میں شامل سابق پاکستانی کپتان وسیم اکرم اور کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم کے درمیان ہونے والی گفتگو کا منظر محفوظ کیا جس میں وسیم اکرم خاصے مایوس اور ناراض دکھائی دے رہے تھے۔
وسیم اکرم اور بابر اعظم کی گفتگو کا یہ منظر فوری طور پر سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کرنے لگا اور اس پر مختلف نوعیت کے تبصرے ہونے لگے کہ وسیم اکرم بابر اعظم کو ڈانٹ رہے تھے اور انہیں ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے تھا۔
تاہم وسیم اکرم نے بی بی سی اردو سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ بابر اعظم کو ڈانٹنے کی بات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
‘حقیقت یہ ہے کہ میں نے بابر اعظم کو صرف یہ کہا کہ وہ اپنے بولرز کو جا کر کہیں کہ وہ بیٹسمینوں کو یارکر کیوں نہیں کرا سکتے؟ کیا انھیں یارکر کرانی نہیں آتی؟‘
یاد رہے کہ جب وسیم اکرم بابر اعظم کو یہ بات کہہ رہے تھے، انگلینڈ کے کرس جارڈن کی 19 ویں اوور میں بری طرح پٹائی ہوئی تھی اور خوش دل شاہ نے اس اوور میں دو چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 20 رنز بنا ڈالے تھے اور اسی وجہ سے وسیم اکرم کے صبر کا پیمانہ بھی لبریز ہو گیا تھا۔
جب کرس جارڈن 19واں اوور کرنے آئے تھے تو ملتان سلطانز کو دو اوورز میں جیت کے لیے 29 رنز درکار تھے لیکن اس مہنگے اوور کی وجہ سے ملتان سلطانز کے لیے آخری اوور میں جیت صرف نو رنز کی دوری پر رہ گئی تھی۔
یہ بات یاد رکھنے والی ہے کہ کراچی کنگز نے کرس جارڈن کو پلاٹینم کیٹگری میں حاصل کیا ہے۔
بابر کے چاہنے والے وسیم سے ناراض
بابر اعظم کے ساتھ وسیم اکرم کی ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا پر ہونے والے تبصروں میں اکثریت نے وسیم اکرم پر ہی تنقید کی اور اس ویڈیو میں آڈیو نہ ہونے کی وجہ سے یہی نتیجہ اخذ کیا کہ وسیم اکرم نے بابر اعظم کو ڈانٹا ہے اور انھیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔
عامر کرک نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ وسیم اکرم کو اپنے جذبات کا اظہار میدان کے بجائے چینجنگ روم تک کے لیے محفوظ کر لینا چاہیے تھا۔
ارشد خان تنولی نے لکھا پاکستان کے تینوں فارمیٹ کے کپتان کے ساتھ وسیم اکرم کا یہ رویہ دیکھ کر مایوسی ہوئی۔
اسد لکھتے ہیں وسیم اکرم آپ عمید آصف، نبی، عماد اور میرحمزہ کے بولنگ اٹیک سے میچ نہیں جیت سکتے ٹورنامنٹ تو دور کی بات ہے، بابر پر الزام ڈالنا بند کیجیے، آپ، پیٹر مورس، اور پھر بابر اس بات کے ذمہ دار ہیں کہ ایسی خراب ٹیم منتخب کی۔
محمد حزران نے وسیم اکرم اور بابراعظم کے اس منظر کی تصویر کے ساتھ لکھا ‘وسیم اکرم: بابر آپ کیا کررہے ہیں؟، بابر: جو آپ نے ڈرافٹ میں کیا؟‘
ثاقب گلیڈی ایٹرز نے بھی وسیم اکرم پر تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ وسیم اکرم نے ایک جانب ڈرافٹ میں فضول ٹیم منتخب کی اور پھر بابر اعظم سے ایسا رویہ اختیار کیا۔
اس تمام صورتحال میں سینئر صحافی سہیل عمران نے ٹوئٹ کی اور کہا کہ وسیم اکرم سابق کپتان ہیں تھنک ٹینک میں شامل ہیں لہٰذا وہ کپتان بابراعظم سے یہ پوچھنے کا حق رکھتے ہیں کہ کیا بولرز کو یارکرز کرنی نہیں آتی؟ اس میں ڈانٹنا کہاں سے آگیا؟