International News
یوکرین کے حوالے سے امریکا اوراتحادیوں کا ‘خفیہ’ منصوبہ سامنے آ گیا
واشنگٹن: یوکرین کے حوالے سے امریکا اور اتحادیوں کا ‘خفیہ’ منصوبہ سامنے آ گیا ہے، امریکا اور اتحادی خاموشی سے یوکرین کی ‘جلا وطن حکومت’ اور ایک طویل شورش کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔
امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ میں امریکی عہدے دار نے انکشاف کیا ہے کہ مغرب یوکرین کی ‘جلا وطن حکومت’ کی تیاری میں ہے، کیوں کہ انھیں توقع نہیں تھی کہ یوکرینی فوج حملہ آور روسی افواج کا بھرپور دفاع کر سکے گی، تاہم جلد ہی روسی فوج اپنے نقصانات کو روک کر یوکرین کے اندر ایک طویل اور خونی شورش کو جنم دے گی
امریکی عہدے دار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ یوکرین کو امریکا کی طرف سے فراہم کیے جانے والے ہتھیار اسٹریٹ وار کے مرحلے میں فیصلہ کن ثابت ہوں گے۔
انھوں نے اس بات کی بھی نشان دہی کی کہ کیف پر روس کے ممکنہ قبضے نے پینٹاگون اور امریکی ایجنسیوں کو متحرک کر دیا ہے جب کہ مغرب یوکرین کی ایک ایسی حکومت کی تیاری کر رہی ہے جو جلا وطن ہوگی، یعنی کسی اور ملک سے حکومت کرے گی، اور اس کے لیے انھوں نے کیف کے سقوط کی صورت میں پولینڈ کی نشان دہی کی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے ممکنہ مزاحمت کو مغربی ممالک کس طرح سہارا دیں گے، اس حوالے سے انھوں نے راستے ڈھونڈ لیے ہیں، تاہم حکام تفصیلی منصوبوں پر بات کرنے سے ہچکچا رہے ہیں، کیوں کہ بہرحال وہ روسی فوجی فتح پر مبنی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق متعدد یورپی اور امریکی حکام نے کہا ہے کہ وہ منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ جلاوطنی پر مبنی ایک حکومت کس طرح قائم کی جائے، اور پھر اس کی مدد بھی کی جائے، تاکہ یوکرین کے اندر روسی قابضین کے خلاف گوریلا کارروائیاں چلائی جا سکیں۔