قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کے خلاف قرارداد جمع
قومی اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف اپوزیشن نے قرارداد جمع کروا دی ہے۔ تحریک میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر نے بارہا قواعد، پارلیمانی طور طریقوں، جمہوری روایات اور یہاں تک کہ آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔
قرارداد میں ڈپٹی سپیکر کی جانب سے تین اپریل کی رولنگ کے ذریعے تحریکِ عدم اعتماد مسترد کرنے، اور سات اپریل کو سپریم کورٹ کے فیصلے سے اسمبلی کی بحالی کا حوالہ دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو آئین سے متصادم قرار دیا تھا۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ ڈپٹی سپیکر نے جان بوجھ کر اور بدنیتی سے آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور اُن کا یہ اقدام آئین کی شق 6 کے زمرے میں آتا ہے۔
اگر یہ قرارداد اکثریت سے منظور ہو جاتی ہے تو ڈپٹی سپیکر اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہیں گے۔