عمران خان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر
شہزاد ملک، بی بی سی، اسلام آباد
اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ دھمکی آمیز خط کی تحقیقات اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ پیر کو درخواست گزار مولوی اقبال حیدر کی درخواست پر سماعت کریں گے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد کے دوران وزیراعظم نے خط موجود ہونے کا دعویٰ کیا اور خط کے دعوے سے ملکی مفاد کو ٹھیس پہنچانے کی کوشش کی گئی۔
اس درخواست میں عمران خان کے علاوہ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سفارتکار اسد مجید، سابق ڈپٹی سپیکر قاسم سوری اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست گزار مولوی اقبال حیدر کافی عرصے کے بعد منظر عام پر آئے ہیں اور وہ ایسے وکلا میں شامل ہیں جو اہم معاملوں پر عدالتوں میں درخواستیں دائر کرتے ہیں۔ ماضی میں سپریم کورٹ نے ان کے داخلے پر پابندی بھی عائد کی تھی۔