جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا: عمران خان
رپورٹ: ندیم نواب مُغل
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اتحادیوں کوٹکٹ دے کرسبق سیکھا ہے اتحادی نہیں ہونے چاہئیں، میرے خلاف اس وقت سازش ہوئی جب چیزیں ٹھیک ہورہی تھیں، چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہوئی، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا۔سربراہ تحریک انصاف عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کرنا چاہیے تھا، ریفرنس اس وقت وزارت قانون کی جانب سے بھیجا گیا تھا، میرا کسی سے کوئی ذاتی عناد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرح خان کے پاس عہدہ تھا نہ وزارت، کیسے پیسے لےسکتی ہیں۔ کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔ توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے۔ موجودہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے ہوئی۔عمران خان نے مزید کہا کہ کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان ہو، ہمارے لیے مضبوط فوج بہت ضروری ہے، شہبازشریف ابھی سے انجینئرنگ کررہا ہے، یہ اپنے افسران لگا کرمیچ فکس کریں گے۔ یہ کوشش میں ہیں کہ نواز شریف کے کیس ختم ہوں۔