عمران خان کا کراچی یونیورسٹی میں دھماکے پر اظہار افسوس
عمران خان نے کراچی یونیورسٹی میں دھماکے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کراچی دھماکے کی مذمت کی ہے جبکہ عمران خان نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار بھی کیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ جامعہ کراچی کے چینی اساتذہ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں، جاں بحق افراد کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ پاک چین اسٹریٹیجیک اشتراک کو نقصان پہنچانے کے خصوصی ایجنڈے کے تحت کیا گیا ایک اور حملہ ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ ہمیں اپنے دشمن کے اس بیرونی حمایت یافتہ ایجنڈے کو بہرصورت خاک میں ملانا ہے۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں غیر ملکی اساتذہ کی وین میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
کراچی یونیورسٹی کے کامرس ڈیپارٹمنٹ اور کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ آف چائنیز لنگویج کے قریب کھڑی ایک وین میں اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں بڑی تعداد میں طلبہ اور اساتذہ موجود تھے۔
دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ ناصرف وین میں آگ بھڑک اٹھی بلکہ اطراف میں گھڑی گاڑیوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوت گئے۔
دھماکے کے فوری بعد جامعہ کراچی میں سیکیورٹی پر مامور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکار پہنچ گئے۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتتقل کردیا گیا جہاں 5 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ زخمیوں میں سے کئی کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے، جس سے جانی نقصان میں مزید اضافے کا اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئےکہا کہ دھماکا خودکش ہوسکتا ہے اور اس میں برقع پوش خاتون ملوث ہوسکتی ہے، دھماکا تخریب کاری کا نتیجہ ہے، چینی اساتذہ کونشانہ بنایاگیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گاڑی میں دھماکے کا نوٹس لے لیا اور کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دھماکا ایک بج کر 52 منٹ پر ہوا، دھماکے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے جن میں تین غیر ملکی باشندے شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جاں بحق افراد میں غیر ملکیوں میں دو خاتون ایک مرد شامل ہے، دھماکے کا تعین بم ڈسپوزیبل اسکاڈ نے کرنا ہے۔