گلگت کے عوام کو پیپلز پارٹی مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی، وزیر خارجہ
چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ گلگت کے عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے گلگت میں سیلابی صورتحال پر اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ شیشپر گلیشیئر پر جھیل پھٹنے کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ یقینی بنایا جائے کہ مقامی آبادیوں کو کسی طرح کا نقصان نہ پہنچے، زمینی راستے بھی کھلے رہیں، امید ہے، انتظامیہ یقینی بنائے گی کہ عام لوگوں اور سیاحوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان کا کہنا تھا کہ گلگت کے عوام کو پاکستان پیپلز پارٹی مشکل گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑے گی، گلیشیئرز کا تیزی سے پگھلنا لمحہ فکریہ ہے، موسمیاتی تبدیلیوں پر اب شترمرغ کی طرح ریت میں سر مزید چھپایا نہیں جاسکتا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے معاملے پر اجتماعی و مربوط کوششیں حالات کا تقاضا ہیں۔