قوم مریم صفدر جیسی تربیت نہیں چاہتی، شہباز گِل

Pinterest LinkedIn Tumblr +

قوم مریم صفدر جیسی تربیت نہیں چاہتی، شہباز گِل

بی بی! عمران خان قوم کو قوم بنا رہا ہے، قوم ایسی تربیت نہیں چاہتی کہ بچے حرام کی کمائی سے اربوں روپے کے اپارٹمنٹس کے مالک بن جائیں، شہباز گل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گِل نے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ قوم مریم صفدر جیسی تربیت نہیں چاہتی۔

انہوں نے مریم اورنگزیب کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی بی! عمران خان قوم کو قوم بنا رہا ہے، قوم ایسی تربیت نہیں چاہتی کہ بچے حرام کی کمائی سے اربوں روپے کے اپارٹمنٹس کے مالک بن جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جیسی زبان آپ اور آپ کی مالکن کی ہے، قوم کی اس سے توبہ !! ہمارے دور میں میڈیا پر طرح سے آزاد تھا، آج صحافیوں کو سچ بولنے پر ایف آئی اے کے ذریعے نوٹسز بجھوائے جارہے ہیں۔

شہباز گل نے کہا کہ ہم نے اپنے دور میں اپوزیشن کو احتجاج کی کھلی اجازت اور سہولیات دیں، ہمارے دورمیں اپوزیشن کے روز جلسے اور دھرنے ہوتے رہے، اپوزیشن نے تین سالوں میں تین لانگ مارچ اور دو ہفتے دھرنا دیا، لیکن موجودہ امپورٹڈ حکومت احتجاج کے جمہوری حقوق کو روکنے کی دھمکیاں دے رہی ہے-

انہوں نے مزید کہا کہ مریم بی بی، شہباز شریف کی کارکردگی پوری قوم نے دیکھ لی ہے، سرکاری خرچ پر سینکڑوں افراد کا عمرہ شہبازشریف کی کارکردگی ہے؟ سارے ضمانتی افراد کا نام ای سی ایل سے نکالنا کارکردگی ہے؟ مفرورمجرم بھائی اور اسحاق ڈار کو پاسپورٹ بجھوانا کارکردگی ہے؟

چینی 85 سے 110 روپے، گھی 20 روپے مہنگا، آٹا 400 روپے مہنگا ان کی کارکردگی ہے؟ چاول 300 روپے مہنگے، دالیں 10 سے 20 روپے فی کلومہنگی کرنا کارکردگی ہے؟ مرغی 300 سے 550 روپے کلوکارکردگی ہے؟

اسٹاک مارکیٹ نیچے، ڈالر 176 سے 188 پر لے جانا کارکردگی ہے؟ کھاد 1000 روپے مہنگی کرنا کارکردگی ہے؟ ساڑھے تین سال بعد قوم کو پھر لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا کرنا کارکردگی ہے؟ کسانوں کو ڈیزل کے لیے خوار کرنا کارکردگی ہے؟

شہباز گل نے وفاقی وزیر اطلاعات پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم بی بی ! حج 4 لاکھ سے 10 لاکھ کا کرنا، اپنے اور بیٹے کے ایف آئی اے کیسز کھڈے لائن لگانا ان کی کارکردگی یے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ناکام دورے،اسٹیٹ بینک کو جدید خطوط پر استوار کرنے والے باقر رضا کو ہٹانا، پی ٹی وی کو خسارے سے نکالنے والے ایم ڈی کو ہٹانا، تاریخ میں سب سے زیادہ ٹیکس جمع کرنے والے چیئرمین ایف بی آر کو ہٹانا ان کارکردگی ہے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف کی کارکردگی 1960 کے بعد دس بڑے ڈیم شروع کرانے والے چئیرمین واپڈا کو ہٹانا ہے، روس سے سستے ایندھن اور گندم کی خریداری کے معاہدے ختم کرنا اور گرمیوں میں بھی مہنگی ترین ایل پی جی خریدنا آپ کے لیڈر کی کارکردگی ہے۔

Share.

Leave A Reply