وزیراعظم کا بیوروکریسی قوانین میں تبدیلیاں لانے کا فیصلہ
وزیراعظم شہبازشریف نے بیوروکریسی قوانین میں تبدیلیاں، ضروری ریفارمز لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ہائی پاور کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دے دی، ہائی پاور کمیٹی کے سربراہ سابق سینئر بیوروکریٹ ناصر محمود کھوسہ ہونگے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی میں سابق چیف سیکریٹریز، سابق وفاقی سیکریٹریز، سابق آئی جیز شامل ہونگے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ کمیٹی کے دیگر اراکین کا تعین کمیٹی سربراہ ناصر محمود کھوسہ خود کریں گے جبکہ کمیٹی کسی بھی محکمے سے متعلق کارکردگی کا جائزہ لے کر سفارش کرسکے گی۔
اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہائی پاور کمیٹی تمام تر صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد ہمیں تجاویز فراہم کرے، ناصر محمود کھوسہ بہترین انتہائی قابل اور تجربہ کار بیوروکریٹ ہیں ان کی خدمات لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ہائی پاور کمیٹی بنانے کا فیصلہ بیوروکریٹس کے تحفظات سمیت دیگر مسائل کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے، کمیٹی بیوروکریسی کے تحفظات اور دیگر مسائل کا جائزہ لے کر ان کے تحفظات ختم کرنے بارے تجاویز دے گی۔