پانی کی قلت کی وجہ سے سندھ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے، راشد محمود سومرو
راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ پانی کی قلت کی وجہ سے سندھ کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے۔
جے یو آئی کے صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیرقانونی لنک کئنال بند کرائے جائیں، سندھ کے حصے کے پانی کی چوری کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں پانی کی شدید قلت کی وجہ سے فصلیں تباہ ہو گئی ہیں، سکھر بیراج پر پانی کی تقسیم منصفانہ نہیں ہو رہی، نارا کئنال سمیت دیگر کئنالوں پر پانی چوری روکنے کیلئے رینجرز کی ڈیوٹی لگانا شرمناک عمل ہے اور سندہ حکومت کی بے بسی کا مظہر ہے۔
راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ حکمران اپنی زمینیں آباد کرنے کیلئے چھوٹے آبادگاروں کا پانی چوری کر رہے ہیں، سندھ حکومت نے ارسا کے آگے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔
جے یو آئی کے صوبائی سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ارسا پانی نہیں دے رہا تو پانی لینا کس کی ذمہ داری ہے، سندھ میں پینے کیلئے اور فصلوں کیلئے پانی نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیل کے آبادگاروں کی چیخیں سن کر حکمرانوں پر افسوس ہو رہا ہے، سندھ کے حکمران ظالم نہ بنیں بیراج پر پانی کی تقسیم کریں، چوری نہ کریں، وزیر اعلیٰ سندھ اگر اتنے ہی لاچار بے بس ہیں تو مستعفی ہو جائیں۔
راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ سندھ میں پانی کی قلت اور چوری ختم نہ کی گئی تو جے یو آئی احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔