سندھ رینجرز کی کراچی ایئرپورٹ کے قریب کارروائی، 2 ملزمان گرفتار
کراچی میں رینجرز نے کراچی ایئرپورٹ کے علاقے میں کارروائی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ جعلسازی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزمان میں سید مختیار علی عرف شانو اور عزیر امین شامل ہیں۔
رینجرز حکام نے کہا کہ ملزمان حساس ادارے اور رینجرز کے جعلی اہلکار بن کر شہریوں سے بھاری رقم بٹورتے تھے، ملزمان شہریوں کو سکیورٹی ادارے کے اہلکار بن کر گرفتار کرتے تھے اور چھوڑنے کے پیسے وصول کرتے تھے۔
رینجرز حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے رینجرز کی وردی بھی برآمد ہوئی ہے۔
رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔