سندھ میں درجہ حرارت بہت زیادہ ہے اور پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں، فہمیدہ مرزا
جی ڈی اے کی رکن اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ سندھ میں درجہ حرارت بہت زیادہ ہے اور پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈس واٹر معاہدے پر عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے، گڈو بیراج پر پانی کی کمی 53 فیصد سے زیادہ ہو گئی ہے، وفاقی وزیر بھی سندھ سے ہیں اور پیپلز پارٹی سے تعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیا وجہ ہے کہ سندھ کو پانی کا شئیر نہیں دلوا سکے؟ سندھ کو اس کے حصے کا پانی ملنا چاہیے اور انڈس واٹر معاہدے پر عمل ہونا چاہیے، سندھ میں درجہ حرارت بہت زیادہ ہے اور اوپر سے پینے کا پانی بھی دستیاب نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بچے بلک رہے ہیں، مر رہے ہیں، سندھ میں قیامت جیسا منظر ہے، بیراج سے پانی کی منصفانہ تقسیم ہونی چاہیے، کوٹری سے کراچی اور لوئر سندھ کو پانی جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسپیکر صاحب یہ کیسا ایوان ہے جس میں وزیر خارجہ پالیسی بیان دے اور اپوزیشن لیڈر ہی نہ ہو؟
انہوں نے کہا کہ آپ شاید الیکشن کمیشن کا فیصلہ چاہتے تھے وہ بھی آگیا، اب تو آپ اپوزیشن لیڈر کا فیصلہ کرلیں۔
فہمیدہ مرزا نے کہا کہ جی ڈی اے ہی درست معنوں میں اپوزیشن ہے، جی ڈی اے کے علاوہ کوئی جتنی اپوزیشن ہے وہ سب کے سامنے ہے۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ کشمیر پر بیان صرف بیان برائے بیان نہ ہو، کل ایک پریس کانفرنس دیکھ رہی تھی کہ جوبائیڈن سے دوستی ہے تو پھر اسے کشمیر کے لئے کام آنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ لیڈر آف دی اپوزیشن نہیں ہے، آج ایک پالیسی بیان آیا ہے، جمہوریت آئین کی بات کی جاتی ہے مگر ابھی تک کوئی اپوزیشن لیڈر نہیں ہے۔
انکا کہنا ہے کہ آپ نے کل یقین دہانی کرائی تھی مگر ابھی تک آپ نے کوئی اقدام نہیں اٹھایا، اب تو الیکشن کمیشن کا فیصلہ بھی آگیا ہے، آپ کو بتانا چاہتی ہوں اصل اپوزیشن صرف جی ڈی اے ہے۔
فہمیدہ مرزا نے کہا کہ آپ اگر تسلیم نہیں کریں گے تو یہ سب ون سائیڈڈ ہوگا، آپ کو ان تین لوگوں کی اپوزیشن کا ہی احترام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کسی کو نہیں بھولتا مگر میں بلاول بھٹو زرداری کو شہباز شریف کی کابینہ جوائن کرنے پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، جو کیس آپ نے یہاں کشمیر کا کیس پیش کیا ہے کیا وہ آپ اقوام متحدہ اور امریکا میں بھی لڑیں گے۔