ناظم جوکھیو قتل کیس کے دائرہ اختیار سے متعلق فیصلہ ایک بار پھر مؤخر
انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس کے دائرہ اختیار سے متعلق فیصلہ ایک بار پھر مؤخرکردیا۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے ناظم جوکھیو قتل کیس کے دائرہ اختیار سے متعلق فیصلہ مؤخر کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ کیس کے دائرہ اختیار سے متعلق فیصلہ اب 23 مئی کو سنایا جائے گا۔
این سی ایچ آر نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں فریق بننے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔
جبران ناصر ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ سندھ ہائیکورٹ نے ہماری درخواست پر 20 مئی کے لیے نوٹس بھی جاری کردیے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ اس لیے آج سماعت ملتوی کی جائے۔
دوران سماعت عدالت نے کہا کہ کیس دہشت گردی کی عدالت میں چلے گا یا نہیں فیصلہ 23 مئی کو سنایا جائے گا۔
ناظم جوکھیو قتل کیس میں پولیس، پراسیکیویشن، مدعی مقدمہ اور ناظم جوکھیو کی اہلیہ نے دہشت گردی کی عدالت میں چلانے کی مخالفت کررکھی ہے۔
پراسیکیوشن نے کہا کہ ناظم جوکھیو قتل کیس میں دہشت گردی کی دفعات کا اطلاق نہیں ہوتا ہے جبکہ وکیل ملزمان کا کہنا ہے کہ ناظم جوکھیو قتل کیس دہشت گردی کی عدالت میں نہیں چل سکتا ہے۔