پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد کردہ امیدوار سرفراز بُگٹی بلوچستان کے بلامقابلہ وزیرِ اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے پانچ بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا لیکن مقررہ وقت ختم ہونے تک کسی نے بھی سرفراز بگٹی کے مقابلے میں کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق نے کہا کہ سرفراز بگٹی کے کاغذاتِ نامزدگی درست پائے گئے۔
انھوں نے بتایا کہ چونکہ مقررہ وقت تک کسی اور امیدوار نے کاغذاتِ نامزدگی جمع نہیں کروائے اس لیے میرسرفراز بگٹی بلامقابلہ بلوچستان کے وزیر اعلیٰ منتخب ہوگئے ہیں۔
سرفراز بگٹی وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لیے پی پی پی اور ن لیگ کے مشترکہ امیدوار تھے۔
وزیر اعلیٰ کے باقاعدہ انتخاب کے لیے بلوچستان اسمبلی کا اجلاس سنیچر کو 11 بجے منعقد ہوگا۔