اداکارہ حبا علی خان نے شکوہ کیا ہے کہ یوٹیوب سمیت دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی دوسری شادی اور دوسرا نکاح کرایا جا چکا ہے۔
حبا علی خان نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے شادی کے بعد اداکاری شروع کی تھی لیکن بچہ ہونے کے بعد انہوں نے بیٹے کی پرورش اور تعلیم کی خاطر کچھ وقت کے لیے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرلی تھی۔
ان کے مطابق اب ان کے بیٹے کی عمر 12 سال ہوچکی ہے اور وہ کچھ بڑے ہوئے ہیں تو انہوں نے شوبز میں واپسی کی ہے اور اب وہ بڑی عمر کی خواتین کے کردار ادا کرنے لگی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں حبا علی خان نے دعویٰ کیا کہ ان کی عمر 31 برس ہوچکی ہے لیکن گوگل ان کی عمر سے متعلق مختلف آپشنز فراہم کر رہا ہوتا ہے، کبھی ان کی پیدائش 1988 کی دکھائی جاتی ہے تو کبھی انہیں 1998 میں پیدا کیا جاتا ہے۔
حبا علی خان نے معاشرتی مسائل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کے زیادہ تر مرد انتہائی خراب بنتے جا رہے ہیں، وہ اپنی عادتوں اور کردار سے خواتین کو خوفزدہ کر رہے ہیں، جس وجہ سے لڑکیاں ان پر اعتبار کرنے سے کترانے لگی ہیں اور خواتین شادی سے بھی دور ہو رہی ہیں۔
شادی کے سوال پر حبا علی خان نے شکوہ کیا کہ یوٹیوب سمیت دوسرے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ان کی دوسری شادی اور دوسرا نکاح کرایا جا چکا ہے۔
انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یوٹیوب ان کی دوسری شادی کی خبروں سے بھرا پڑا ہے۔
خیال رہے کہ حبا علی خان کی پہلی شادی کم عمری میں ہوئی تھی اور انہیں پہلی شادی سے ایک بیٹا بھی ہے جو اب ان کے ساتھ رہتا ہے۔
کچھ عرصہ قبل انہوں نے اپنی شادی پر بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ انہوں نے کیریئر کے آغاز میں شادی کی جو 6 سال تک چلی اور پھر وہ طلاق پر ختم ہوئی۔
حبا علی خان نے بتایا تھا کہ انہوں نے شادی کو چلانے کی کوشش کی لیکن طلاق ہوجانے کے بعد وہ ڈپریشن میں چلی گئی تھیں، اب فوری طور پر ان کا دوسری شادی کا اردہ نہیں۔