کراچی کے علاقے نیو کراچی صنعتی ایریا میں رینجرز نے گٹکا اور چھالیا مافیا کے خلاف ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے وقاص جبہ، محسن جبہ اور حاجی پتی جیسے بدنام زمانہ منشیات فروشوں کے گوداموں سے بھاری مقدار میں مضرِ صحت اشیاء برآمد کر کے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کا تیار شدہ گٹکا، ماوا اور تمباکو قبضے میں لے کر ٹرکوں میں بھر کر منتقل کیا گیا، تاہم اس آپریشن نے مقامی پولیس کے کردار پر بھی سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ غیر قانونی کاروبار مبینہ طور پر تھانے کی سرپرستی میں چل رہا تھا، جہاں یاسر اور حامد جیسے بیٹرز کے ذریعے ہفتہ وار تقریباً 17 لاکھ روپے بھتہ جمع کر کے اعلیٰ حکام تک پہنچایا جاتا تھا۔ رینجرز کی اس اچانک کارروائی نے علاقے میں موجود منظم جرائم کے نیٹ ورک کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور اب عوام مطالبہ کر رہے ہیں کہ نہ صرف ان گٹکا فروشوں بلکہ ان کی پشت پناہی کرنے والے کالی بھیڑوں کے خلاف بھی سخت ترین قانونی کارروائی کی جائے۔