کراچی: پولیس کے مبینہ جعلی مقابلے کا ایک اور واقعہ سامنے آ گی
کراچی پولیس کی جانب سے ایک اور مبینہ غیر قانونی کارروائی سامنے آئی ہے، جس میں ایک شہری کو جعلی پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق محمد جعفر ایک مبینہ مقابلے میں مارا گیا، جو کہ ایف آئی آر کے مطابق بکرا پیڑی کے قریب پیش آیا۔
تاہم، زمینی حقائق اور اہلِ خانہ کے بیانات پولیس کے مؤقف سے مختلف ہیں۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ محمد جعفر کو دو روز قبل گلشنِ حدید فیز 2 سے اسٹیل ٹاؤن پولیس نے حراست میں لیا تھا، جس کے بعد اب اسے مبینہ طور پر جعلی مقابلے میں ہلاک ظاہر کیا گیا ہے۔
اس واقعے کو قانون کی صریح خلاف ورزی اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کے کارکنوں اور شہری حلقوں کی جانب سے واقعے کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، جبکہ ذمہ داران کے خلاف کارروائی پر بھی زور دیا گیا ہے۔
تاحال پولیس کے اعلیٰ حکام کی جانب سے اس معاملے پر کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔

