صوبائی وزیر آبپاشی جام خان شورو نےرکن قومی اسمبلی طارق شاہ جاموٹ، جبار خان اور صغیر احمد قریشی کے ہمراہ عوامی لانگ کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ
حیدرآباد : صوبائی وزیر برائے محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے کہا ہے کہ آج ملک میں پی ٹی آئی حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں اور بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری سے ہر شخص پریشان ہے اور اب وقت آگیا ہے کہ اس نااہل حکومت سے عوام کو نجات دلایا جائے اور حیدرآباد کے عوام 27 فروری کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے۔ ان باتوں کا اظہار آج انہوں نے27 فروری کے عوامی لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لینے اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے قیادت میں عوامی مارچ کیلئے جگہ کے تعین کیلئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رکن قومی اسمبلی طارق علی شاہ جاموٹ ، رکن صوبائی اسمبلی جبار خان اور پیپلزپارٹی ضلع حیدرآباد کے صدرصغیر احمد قریشی بھی انکے ہمراہ ساتھ تھے۔ صوبائی وزیر جام خان شورو نے کہا کہ عمران نیازی کی عوام دشمن پالیسیوں کیخلاف پیپلزپارٹی کے27 فروری سے شروع ہونے والے مک گیر عوامی لانگ مارچ میں حیدرآباد شہر کے عوام، کارکنان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بھرپور شرکت کریں گے اورحیدرآباد کے عوام اس سلیکٹڈ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے اپنی محبوب قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے جبکہ عوامی لانگ مارچ کیلئے تمام تر تیاریاں اختتامی مراحل میں ہیں۔ قبل ازیں,صوبائی وزیر برائے محکمہ آبپاشی جام خان شورو نے پٹھان کالونی، قاسم چوک اور حیدرآباد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے27 فروری کو لانگ مارچ منقعد کیے جانے کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا۔