عمران خان مسجد نبوی واقعے پر معافی مانگیں، غیر ملکی فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن پر حملہ کرنے سے گریز کریں۔ شازیہ مری
کراچی: وفاقی وزیر برائےتخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ عمران خان مسجد نبوی کے واقعے پر عوام سے معافی مانگیں اور پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) پر حملہ کرنے سے خود کو باز رکھیں ،ای سی پی اس وقت غیر ملکی فنڈنگ کیس کی کارروائی کے فیصلہ کن موڑ پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے رومینہ خورشید عالم بھی موجود تھی ۔ وفاقی وزیر شازیہ مری نے مسجد نبوی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے معاشرے اور ثقافت کا چہرہ بگاڑ دیا ہے انکا کہنا تھا کہ مسجد نبوی میں ایک خاتون وزیر سمیت کابینہ کے ارکان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سابق کابینہ کے ارکان انتہائی قابل مذمت واقعہ کی حمایت کر رہے ہیں۔عمران حدود میں رہ کر سیاست کریں ۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کو دی جانے والی تربیت پر کسی سیاسی جماعت کا کوئی کارکن خوش نہیں ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے غلط ٹرینڈ قائم کیا ہے اور ان کے پیروکار ان کے نقش قدم پر چل رہے ہیں ۔ شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کو فارن فنڈنگ کیس کا سامنا کرنا چاہیے اور عمران کو اندیشہ ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ ان کے خلاف آنے والا ہے اسلئے وہ اب حملہ آور ہورہے ہیں جبکہ الیکشن کمیشن ایک خودمختار آئنی ادارہ ہے اداروں کی نظر میں سب برابر ہوتے ہیں الیکشن کمیشن اگر آج فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ چکا ہے تو عمران خان کو ڈر کیا ہے، اس کو ڈر یہ ہے کہ اس کا بھانڈہ پھوٹنے والا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کا مقدمہ ن لیگ ، پیپلزپارٹی یا کوئی اور جماعت الیکشن کمیشن میں نہیں لے کر گئی ہے بلکہ پی ٹی آئ کے بانی رہنماء لے کر گئے اور 2014 سے یہ مقدمہ الیکشن کمیشن کے پاس ہے، عمران خان مختلف بہانوں سے اسکو التواء کا شکار کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان نے بار بار قوم سے جھوٹ بولا ہے ۔عمران خان نے ملکی معیشت کو تباہ کن مرحلے پر پہنچا دیا ہے۔ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کی متوقع کال کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کی کال پر گھروں سے نہیں نکلیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نیب کے قانون کو قابل قبول بنانے پرکام جاری ہے۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئ ایس پی ) سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے، انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت میں8 لاکھ 20 ہزار مستحقین کو فہرست سے نکال دیا گیا تھا لیکن انہوں نے انہیں اپنے کیسز پر نظرثانی کے لیے اپیل کا آپشن فراہم کیا ہے ۔جنیون فائدہ اٹھانے والوں کو ان کی اہلیت کا جائزہ لینے کے بعد بحال کیا جائے گا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کی ایم این اے رومینہ خورشید عالم نے مسجد نبوی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ذہنی مریض ہیں اور انہیں علاج کی ضرورت ہے۔