یوکرین جنگ، روسی افواج کی یومِ فتح سے قبل ماریوپول پر مکمل قبضے کی کوششیں
یوکرین کے جنوبی ساحلی شہر ماریوپول کا قبضہ حاصل کرنے کی جنگ اپنے آخری مراحل میں جاری ہے جبکہ روسی افواج کی ہر ممکن کوشش ہے کہ پیر کے روز سے پہلے اسے فتح کر لیا جائے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روسی افواج پیر کو وکٹری ڈے یا یومِ فتح سے قبل ماریوپول شہر کا مکمل قبضہ حاصل کرنے کی جدوجہد کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ 9 مئی کو روس 1945ء میں نازی جرمنی کو شکست دینے کی خوشی میں وکٹری ڈے یا یومِ فتح مناتا ہے۔
ماریوپول کا مکمل قبضہ حاصل کرنے کی صورت میں روس اس ساحلی شہر اور کریمیا کے درمیان زمینی رابطہ قائم کر سکے گا۔ روس نے سال 2014ء میں کریمیا پر قبضہ کیا تھا جو اب بھی روس نواز علیحدگی پسندوں کے زیر انتظام ہے۔
دوسری جانب یوکرین کے حکام نے کہا ہے کہ جنوبی ساحلی شہر ماریوپول میں محصور آزوسٹل اسٹیل پلانٹ سے تمام خواتین، بچوں اور عمر رسیدہ افراد کو نکال لیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ، انٹرنیشنل کمیٹی فار ریڈ کراس، روس اور یوکرین کے تعاون سے انخلا کا آپریشن مکمل کیا گیا ہے۔
خبر رساں اداروں اے ایف پی اور روئٹرز کے مطابق یوکرینی فوجی اب بھی آزوسٹل اسٹیل پلانٹ میں موجود ہیں جبکہ روسی افواج نے اسٹیل پلانٹ کے اردگرد اپنی گرفت مضبوط کی ہوئی ہے۔
سابق سویت دور کی اسٹیل مل یوکرینی شہر ماریوپول کا واحد حصہ ہے جو یوکرینی فوج کے قبضے میں ہے۔ ماریوپول کئی ہفتوں سے روسی فوج کی شدید بمباری کا نشانہ بنا ہوا ہے۔