پاکستان ترکمانستان کی ترقی کا خواہاں ہے، مصدق ملک
وزیر مملکت پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان ترکمانستان کی ترقی کا خواہاں ہے۔
مصدق ملک نے پاک ترکمانستان سفارتی تعلقات کی تیسویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان برادرانہ دوستانہ تعلقات ہیں، پاکستان ترکمانستان کی ترقی کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کے بعد پاکستان ترکمانستان کو تسلیم کرنے والا دوسرا ملک ہے، گزشتہ سال صدر عارف علوی اور وزیر خارجہ نے ترکمانستان کا دورہ کیا اور مارچ 2022 میں او آئی سی اجلاس میں ترکمانستان کے وزیر خارجہ بھی شریک ہوئے۔
وزیر مملکت پیٹرولیم کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک خطے میں قیام امن کیلئے متفق ہیں، کورونا وبا کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاملات پر اجلاس ہوتے رہے۔
مصدق ملک نے مزید کہا کہ ترکمانستان کے تجارت کو مزید بڑھانا چاہتے ہیں، اس حوالے سے دونوں ملکوں کے تجارتی وفود کے درمیان روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔