مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، قمر زمان کائرہ
قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے آمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ سے آزاد کشمیر کے سابق صدر اور وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان کی اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات میں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی اور آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال سے متعلق گفتگو کی گئی جبکہ ملاقات میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال اور عوام کے مسائل سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کا عزم کئے ہوئے ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج وزرات خارجہ میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے بھارتی غیر قانونی منصوبوں سے متعلق شرکاء کو آگاہ کیا گیا۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر برائے آمور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے ضمن میں اپنا تمام تر تعاون جاری رکھے گی۔
سردار یعقوب خان نے قمر زمان کائرہ کو مشیر برائے آمور کشمیر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
وزیر اعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ حق خود ارادیت کی جدوجہد پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتے ہیں، آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔