بلاول بھٹو کی میران شاہ میں خودکش حملے کی شدید مذمت
پی پی پی چیئرمین و وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے میران شاہ میں خودکش حملے کی مذمت کی گئی ہے۔
وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشتگرد حملے میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور بچوں کی ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ شہید اہلکاروں حولدار زبیر قادر، سپاہی عزیر اصفر اور سپاہی قاسم مقصود کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی، پوری قوم دہشتگردوں سے سینہ سپر پاک فوج کے ساتھ ہے۔
واضح رہے کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں خود کش دھماکے میں 3 سیکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خود کش دھماکے میں سیکیورٹی اہلکاروں کے علاوہ 3 معصوم بچے بھی شہید ہوئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خودکُش حملہ آور کے اعضاء کو سیکیورٹی فورسز نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق واقعے کے بعد قریبی علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا تاہم ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا کہ اس دوران کوئی گرفتاری عمل میں آئی ہے یا نہیں۔