وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بحرین کے فرماں روا حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کو فون پر عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے دورہ پاکستان کی دعوت دی۔
وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق شہباز شریف نے بحرین کے فرمانرواں حماد بن عیسیٰ کو ٹیلی فون کیا اور انہیں اور بحرین کے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بحرین کے مابین برادرانہ تعلقات کی مضبوطی پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بحرین کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے آگاہ کیا۔
شہباز شریف نے بحرین کے بادشاہ کے 2014 میں پاکستان کے دورے کا ذکر کرتے ہوئے انہیں دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔
صدر مملکت کی وزیراعظم کو عید کی مبارکباد
ادھر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دی۔
صدر مملکت اور وزیرِ اعظم نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران ایک دوسرے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔