وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات کی اور سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی، اس موقع پر وفاقی وزرا احسن اقبال، احد خان چیمہ، سردار اویس خان لغاری، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان اور متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے حکومت سندھ کو درپیش تمام ترقیاتی مسائل اور ان کے تحفظات کو دور کرنے کی فوری ہدایت کی۔
شہباز شریف نے سندھ میں وفاقی حکومت کے جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کو تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بحالی کے لیے وفاق اور صوبوں کے مابین اشتراک ناگزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا معاشی استحکام ہمارا بنیادی مقصد ہے اور پاکستان کی مجموعی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں متحد ہو کر مسائل کے حل تلاش کرنا ہوں گے۔
وزیراعظم نے متعلقہ وفاقی وزرا کو سندھ حکومت کے مالی و اقتصادی اور دیگر مسائل کا پائیدار حل تلاش کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے آئندہ سال کے ترقیاتی بجٹ کی تیاری میں تمام صوبوں کو اعتماد میں لینے اور ان کی مشاورت کو شامل کرنے ہدایت کی۔