کراچی:
پریڈی تھانے کے ایس ایچ او اور نامزد ملزم ایوب میرانی کے خلاف بسمہ نورین کی جانب سے دائر کی گئی بائیس اے درخواست کے سلسلے میں انکوائری آفیسر نے کل پریڈی تھانے میں بسمہ نورین کا بیان ریکارڈ کیا۔ بیان کی تصدیق ایس ایچ او کی جانب سے کیے جانے کے بعد اسے ایس ایس پی ساؤتھ کے کمپلینٹ انچارج کو ارسال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایس ایس پی ساؤتھ کے کمپلینٹ انچارج ڈی ایس پی عابد حسین سومرو نے اردو بیان کو انگریزی میں ترجمہ کر کے حرف بہ حرف نقل کرتے ہوئے اپنی رپورٹ تیار کی، جو انکوائری آفیسر کے ذریعے عدالت کو ارسال کر دی گئی۔ تاہم انکوائری آفیسر پر یہ الزام بھی عائد کیا جا رہا ہے کہ وہ ملزم ایوب میرانی کا سہولت کار ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ ملزم ایوب میرانی نوٹس کے باوجود عدالت میں پیش نہ ہوا، نہ ہی اس نے بائیس اے کے تحت اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ اس کے برعکس، اس کے خلاف ہونے والی انکوائری رپورٹ کو مدعیہ بسمہ نورین کے خلاف مرتب کر کے عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔
بسمہ نورین نے عدالت سے انکوائری رپورٹ کی نقل طلب کی اور مہلت حاصل کرنے کے بعد پولیس کی رپورٹ کے خلاف جواب الجواب جمع کروایا۔ بعد ازاں اوپن کورٹ میں ٹھوس اور مدلل دلائل بھی پیش کیے گئے۔
مزید برآں، مدعیانِ برخلاف سلمان سعید کے خلاف بھی درخواستیں عدالت میں دائر کی گئیں، جس پر عدالت نے انکوائری آفیسر سے وضاحت طلب کی۔ تمام دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے حکم سنانے کے لیے 23 جنوری کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔
آخر میں بسمہ نورین نے اپنے مؤقف کو شعری انداز میں یوں بیان کیا:
مفاہمت نہ سکھا جبرِ نارواں سے مجھے
میں سر بکف ہوں، لڑا دے کسی بلا سے مجھے
انویسٹی گیٹو رپورٹر:
بسمہ نورین

