پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نے الزام عائد کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ ان کی جماعت کے منتخب نمائندوں کو سابق وزیرِاعظم عمران خان سے ملاقات کرنے نہیں دے رہے۔
جمعرات کو اسد قیصر کے ہمراہ صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ پارٹی رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دے رہے اور اس کے خلاف وہ تحریکِ استحقاق قومی اسمبلی میں جمع کروائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ وہ یہ معاملہ قومی اسمبلی میں نہ صرف اُٹھائیں گے بلکہ اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو اسمبلی کے فلور پر بھی بلائیں گے۔
اسد قیصر نے مزید کہا کہ وہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ’گرینڈ الائنس‘ بنانے جا رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم پوری تحریک چلائیں گے۔ جو فارم 45 کے ذریعے اراکین بنے ہیں انھیں ہم اسمبلی سے نکالیں گے۔‘
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ان کا مقصد ان تمام جماعتوں کو اکھٹا کرنا ہے جنھیں انتخابات کے حوالے سے تحفظات ہیں۔