بولٹن مارکیٹ سے مزدور نوجوان اغواء ۔سی آئی اے صدر سے بازیاب
دکان کے ملازم اویس کو موٹر سائیکل سوار دو اہلکاروں نے سر عام چہرے پر کپڑا ڈال بغیر وارنٹ کے حراست میں لیا
چئیرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد سے سی ائی اے سینٹر صدر کے اہلکاروں کی بدتمیزی ۔ ایڈیشنل آئی جی فوری نوٹس لیں ۔شریف میمن
کراچی (کرائم رپورٹر): چوری کے جھوٹے الزامات میں
بولٹن مارکیٹ سے ایک مزدور نوجوان کو سی آئی اے صدر کے اہلکاروں کی جانب سے مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے تحویل میں لینے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس پر تاجروں اور مزدوروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ 31 جنوری 2025 کو بولٹن مارکیٹ سے اویس ولد عبدالرشید نامی مزدور نوجوان کو سی آئی اے صدر کے دو اہلکاروں نے سرِعام اس کے منہ پر کپڑا ڈال کر اپنے ہمراہ لے گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق اس دوران نہ تو کوئی گرفتاری وارنٹ دکھایا گیا اور نہ ہی اہلِ خانہ کو فوری طور پر اطلاع دی گئی۔
نوجوان کے والد عبدالرشید نے واقعے کی اطلاع تھانہ کھارا در کو دی، جہاں ان کی درخواست وصول کی گئی۔ بعد ازاں سی آئی اے سینٹر صدر سے اویس کے موبائل فون پر ایک پولیس اہلکار کی کال موصول ہوئی، جس میں بتایا گیا کہ نوجوان سی آئی اے صدر کی تحویل میں ہے۔
اطلاع ملنے پر چیئرمین بولٹن مارکیٹ تاجر اتحاد ایسوسی ایشن شریف میمن، نوجوان کی رہائی کے لیے سی آئی اے سینٹر صدر پہنچے، جہاں موجود سی آئی اے اہلکاروں فرحان اور حذیفہ نے مبینہ طور پر نامناسب رویہ اختیار کیا۔ بعد میں اعلیٰ افسران کی مداخلت پر نوجوان اویس کو رہا کر دیا گیا۔
تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ تحویل کے دوران اختیار کیا گیا طریقۂ کار قانون کے خلاف تھا، جس کے باعث بولٹن مارکیٹ کے تاجروں اور مزدوروں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی شفاف انکوائری کی جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔