پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا پہلا اجلاس ہوا، وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تمام وزراء خصوصی طور پر سکھ برادری سے تعلق رکھنے والے پہلے وزیر رمیش سنگھ اروڑا کو وزرات کا قلم دان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔
کابینہ نے رمضان نگہبان ریلیف پیکیج 2024 کی منظوری دی، اس پروگرام کے تحت 65 لاکھ سے زائد ریلیف پیکیج مستحق لوگوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے، مجموعی طورپر سوا تین کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
رمضان نگہبان ریلیف ہیمپر میں 10 کلو آٹا، 2 کلو چاول، 2 کلو چینی، 2 کلو گھی اور 2 کلو بیسن شامل ہوگا۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اشیاء خور و نوش کی کوائلٹی کو یقینی بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ٹاسک دے دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے اربن یونٹ اور اسپیشل برانچ کی ٹیموں کوفیلڈ سروے کرکے رمضان نگہبان ہیمپرز کی ترسیل پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ہیمپرز کی ترسیل کی نگرانی پی آئی ٹی بی کی تیار کردہ ایپ اور ڈیش بورڈ کے ذریعے کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی صوبائی وزراء کو رمضان نگہبان پیکیج کی تقسیم کی کڑی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کہتی ہیں کہ رمضان المبارک میں گراں فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں پر نظر رکھی جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو باقاعدہ تربیت دی جائے۔
علاوہ ازیں کابینہ نے ضلعی سطح پر سستے رمضان بازار لگانے کی بھی منظوری دی جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صوبائی وزراء کو عوام کی فلاح و بہبود یقینی بنانے کے لئے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ دن رات محنت کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے رمضان نگہبان پروگرام کی موثر مانٹیرنگ کے لئے صوبائی وزراء پر مشتمل اسپیشل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی۔
صوبائی کابینہ کے پہلے اجلاس میں پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس 2011ء کے تحت وزراء کو کابینہ کی کارروائی کے طریقہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ، کابینہ اسٹینڈ نگ کمیٹی برائے قانونی امور اور کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے امن و امان کی تشکیل کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، انسپکٹرجنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، چیئرمین پی آئی ٹی بی، سیکرٹریز خزانہ، اطلاعات اور دیگرمتعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔