پشاور: رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند پاکستان میں نظر آگیا ہے۔
رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج چیئرمین ڈاکٹرعبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت پشاور میں ہوا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس پشاور میں منعقد کرنے کا مقصد ملک میں ایک ہی دن روزہ اور ایک ہی روزعید کے لیے کوشش کرنا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹرعبدالخبیر آزاد کے مطابق پاکستان میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کل ملک بھرمیں پہلا روزہ ہوگا جب کہ پاکستان بھرمیں آج پہلی تراویح ادا کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات
اس سے قبل محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں آج چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، کراچی میں اس وقت مطلع صاف ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ رمضان کے چاند کی پیدائش کل دوپہر 2 بجے شروع ہوچکی ہے، غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر لگ بھگ 29 گھنٹے ہوگی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ چاند 74 منٹ تک افق پر دیکھا جاسکے گا جب کہ سورج غروب ہوتے وقت چاند افق سے 15.3 ڈگری اونچا ہوگا۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ غروب آفتاب کے وقت چاند کی چوڑائی 1.5 فیصد ہوگی، سورج غروب ہونے کے 15 منٹ بعد چاند باآسانی دیکھا جاسکے گا۔
زونل رویت ہلال کمیٹی
دوسری جانب زونل رویت ہلال کمیٹییوں کے اجلاس چاروں صوبائی دارلحکومتوں میں ہوئے جب کہ پشاور کی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ساتھ ہوا۔
اسلام آباد کی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں منعقد ہوا، تمام روایتی اور حکومتی رویت ہلال کمیٹیوں نے اپنی اپنی چاند دیکھنے کی شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو دیں۔
زونل کمیٹی اجلاس میں مولانا محمد اقبال نعیمی، مولانا مفتی عبدالسلام، پیر محمد ممتاز احمد ضیاء نظامی اور مولانا ہارون الرشید بھی شریک تھے۔