وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ دوست ممالک نے واضح عندیہ دیا ہے کہ وہ مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن امداد نہیں دیں گے بلکہ تجارت کریں گے۔
نجی ٹی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہمیں بہت اچھی طرح معلوم ہے کہ ہمیں کیاکرنا ہے، اس وقت میکرواستحکام ہے اسے مستقل کرنا ہے، یہ سہ ماہی سال 2023 کے مقابلے میں بہترہے۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے کہا کہ ایف بی آرکی اصلاحات کا کام شروع کردیا ہے، پہلےکے مقابلے میں جی ڈی پی بہترہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا سندھ کا منصوبہ وفاق میں منتقل کرسکتے ہیں۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ دوست ممالک نے واضح عندیہ دیا ہے کہ وہ مدد کرنا چاہتے ہیں لیکن امداد نہیں دیں گے بلکہ تجارت کریں گے، پی ایس ڈی پی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی طرف جائیں گے، پرائیویٹ انویسٹمنٹ بھی ایس آئی ایف سی کےذریعےکی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے بعد مشرق وسطیٰ کے بینکوں سے رابطہ کریں گے، آئی ایم ایف پروگرام ہوجائے گا تو ہماری کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئے گی۔
وزیرخزانہ محمداورنگزیب نے مزید کہا کہ چین کی مارکیٹ کوابھی ہم نے ٹیپ نہیں کیا، سی پیک سے آنے والی بہتری کا سلسلہ منقطع ہوگیا تھا، سی پیک کے دوسرے مرحلے کو فاسٹ ٹریک کرنا ہے۔