پی ٹی آئی والے اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنے کے لیے امریکی سینیٹرز کے پیر پکڑ رہے ہیں، احسن اقبال

Pinterest LinkedIn Tumblr +

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) والے اپنے لیڈر کو جیل سے نکالنے کے لیے امریکی سینیٹرز کے پیر پکڑ رہے ہیں لیکن عمران نیازی کو نہ امریکا کو این آر او دے سکتا ہے نہ آئی ایم ایف این آر او دے سکتی ہے۔

احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم مہنگائی کو بھی شکست دیں گے، بے روزگاری کو بھی شکست دیں گے اور غربت کو بھی شکست دیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم اگلے دو سال مل کر امن و استحکام کے ساتھ پاکستان کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے، پاکستان کی زراعت اور صنعت میں پیداوار کو، پاکستان کی برآمدات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے اور نئی جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے لیے ہم ہمہ وقت کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا جو ترقیاتی ایجنڈا ہے اس میں ہم ہیومن ریسورس کو ترقی دیں گے، جدید انفرااسٹرکچر لے کر آئیں گے، پاکستان کی زراعت کو ٹیکنالوجی کے ساتھ گرین انقلاب سے ہمکنار کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس، بگ ڈیٹا، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، آٹومیشن روبوٹکس کے ذریعے چوتھا صنعتی انقلاب دنیا میں تمام پیداوار کے ذرائع بدل رہا ہے تو ہم پاکستان میں ان کو اپنانے کے لیے تیزی سے کام کریں گے تاکہ پاکستان کو ایک جدید معیشت میں ڈھالا جا سکے۔

اس موقع انہوں نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے بانی پاکستان کے گھر کو جلایا گیا، جو پاکستان میں ناقابل تصور تھا کہ کوئی قائد اعظم کی نشانی کو جلا کر راکھ کر سکتا ہے، جس طرح سے انہوں نے فوجی تنصیبات پر، فضائیہ کی تنصیبات پر، شہدا کی یادگاروں پر حملہ کیا، کوئی تصور نہیں کر سکتا تھا کہ پاکستان میں یہ سب ہو سکتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں الیکشن کے حوالے سے مسلم لیگ(ن) کے بھی بہت سے تحفظات تھے، اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ سے ہمیں بہت ناراضی تھی لیکن ہم نے کبھی آئی ایم ایف کو خط نہیں لکھا، کبھی ہم نے اقوام متحدہ یا یورپیئن یونین کو خط نہیں لکھا، امریکا کو خط نہیں لکھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصے سے تحریک انصاف کے سرکردہ لوگ امریکا میں کانگریس مین اور سینیٹرز کے دفاتر کے باہر بیٹھ کر پاکستان کی غیرت کا جنازہ نکال رہے ہیں، جب ان کو ملاقات نصیب ہوتی ہے تو یہ پاکستان کے خلاف زہر اگل کر آتے ہیں، آج یہ امریکا کے کانگریس مین اور سینیٹرز کے پیر پکڑ رہے ہیں کہ ان کے لیڈر کو جیل سے نکالا جائے۔

مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہا کہ ان کے لیڈر نے اگر جیل سے نکلنا ہے تو کسی این آر او کے ذریعے نہیں نکل سکتا، عمران نیازی کو نہ امریکا کو این آر او دے سکتا ہے نہ آئی ایم ایف این آر او دے سکتی ہے، عمران خان اگر سمجھتے ہیں کہ ان کے کیس جھوٹے ہیں تو انہیں عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ چند عناصر باہر بیٹھ کر ملکی خودمختاری سے کھیل رہے ہیں اور ایک سیاسی جماعت بیرون ملک پاکستان کے خلاف سازش کررہی ہے لیکن ملکی سلامتی سے کھیلنے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

Share.

Leave A Reply