پی اے اے نجکاری اور ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کے عمل کیلئے کمیٹی تشکیل

Pinterest LinkedIn Tumblr +

ملک کے تین اہم ایئرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ اور پی آئی اے کی نجکاری کے لیے وفاقی وزیر دفاع اور ہوا بازی خواجہ آصف کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ نے کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی جس کے بعد کمیٹی کی تشکیل کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ایئرپورٹ مینجمنٹ کی آؤٹ سورسنگ کا جائزہ لے گی اور پی آئی اے کی نجکاری سے متعلق امور کی نگرانی بھی کرے گی۔

کمیٹی ارکان میں وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کے ساتھ ساتھ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، سیکریٹری نجکاری اور سیکریٹری ہوا بازی ڈویژن بھی شامل ہیں۔

ہوا بازی ڈویژن کمیٹی کے لیے سیکریٹریل سپورٹ فراہم کرے گی۔

اس سے قبل رواں ہفتے حکومت نے غیرملکی سرمایہ کاروں اور بین الاقوامی مالیاتی کارپوریشنز کی درخواست پر ملک کے تین اہم ایئرپورٹس کی مینجمنٹ اور آپریشنز کے امور آؤٹ سورس کرنے کے لیے بولیاں جمع کرانے کا عمل دو ماہ کے لیے موخر کردیا تھا۔

اسلام آباد، کراچی اور لاہور ایئرپورٹ کی مینجمنٹ اور آپریشنز کے امور آؤٹ سورس کرنے کے لیے بولیاں جمع کرانے کا عمل موخر کرنے کا فیصلہ وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔

Share.

Leave A Reply