طورخم سرحد پر پاکستان کی جانب ایف آئی اے اور ایف سی کے اہلکاروں کے درمیان ہاتھا پائی میں دونوں اداروں کے اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق طورخم بارڈر پر ایف آئی اے اور ایف سی کے مابین ’تلخ کلامی‘ اور ’ہاتھا پائی‘ کے معاملے پر ایف سی حکام کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ ’آج صبح طورخم بارڈر پر ایف آئی اے اور ایف سی کے کچھ اہلکاروں کے مابین رش کم کرنے کے حوالے سے تلخ کلامی ہوئی۔
’جس کے بعد وہاں موجود دونوں اداروں کے اہلکاروں کے مابین ہاتھا پائی ہوئی۔ جس میں دونوں اطراف کے اہلکاروں کو ہلکے زخم آئے۔‘
ایف سی حکام نے مزید کہا کہ ’طورخم بارڈر پر مسافروں کے رش کی وجہ سے وہاں موجود ادارے کوشش کرتے ہیں کہ سکیورٹی کو مدںظر رکھتے ہوئے تمام قانونی کارروائی پوری کی جائے تاکہ کوئی دہشتگرد یا غیر قانونی فرد دونوں ممالک میں داخل نہ ہو سکے۔‘
’اس دوران ڈیوٹی پر مامور سٹاف پر ضروت سے زائد افراد کا رش اور روزے کی حالت میں ڈیوٹی دینے میں ایسے نامناسب واقعات رونما ہو سکتے ہیں۔‘
ایف سی نے مزید کہا کہ اس واقعے پر ’دونوں اداروں کے حکام نے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر معاملہ حل کر دیا۔ اور مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات لیے جائیں گے۔‘
خیال رہے کہ اس واقعے سے متعلق منظر عام پر آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس لڑائی میں ایف آئی اے اور ایف سی کے اہلکار زخمی ہوئے۔
مقامی ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق اس ہاتھا پائی میں ایف آئی اے کے چار اہلکار زخمی ہوئے جبکہ طورخم سرحد پر آمدورفت عارضی طور پر بند کر دی گئی جس سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔