ججز کے الزامات، پی ٹی آئی کا انکوائری کمیشن کو چیلنج کرنے کا اعلان

Pinterest LinkedIn Tumblr +

پاکستان تحریک انصاف نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے الزامات کی تحقیقات کے لیے جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں بننے والے کمیشن کو چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مطالبہ کیا کہ صرف حاضر سروس ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے ۔

اسد قیصر نے وزیراعظم کو ججز کے خط سے پیدا ہونے والی صورتحال کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ عدلیہ کی آزادی کے لیے تحریک شروع کی جائے گی۔

تصدق جیلانی مس فٹ قرار
دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شیر افضل مروت نے کمیشن کے سربراہ تصدیق حسین جیلانی کو مس فٹ قرار دے دیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں شیر افضل مروت نے کہا کہ اسلام اباد ہائی کورٹ کے جز کے خط کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، یہ عدلیہ کے وقار کا مسئلہ ہے اور چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو معاملے پر ازخود نوٹس لینا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے کو دبانا چاہتی ہے لیکن ایسے نہیں ہونا چاہیے۔

اپنی ایک اور پوسٹ میں شیر افضل مروت نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت نے فوری طور پر سنگل رکنی انکوائری کمیشن کے سربراہ کے طور پر جسٹس (ر) تصدق جیلانی کے نام کا اعلان کیا ہے جنہیں مرحومہ محترمہ بے نظیر بھٹو نے 1994 میں بطور وزیر اعظم لاہور ہائی کورٹ کا جج بنایا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق متنازعہ چیف جسٹس افتخار چوہدری نے تصدیق حسین جیلانی کو 2013 میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر بنایا تھا اور ان کی حکومت بننے کے بعد نواز شریف نے جسٹس تصدق کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے پر فائز کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ تصدیق جیلانی سابق نگران وزیر خارجہ جلیل جیلانی کے چچا اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے دور کے رشتہ دار ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ قانونی حلقوں میں جسٹس جیلانی نے جنٹلمین جج کا لقب حاصل کیا ہے۔

شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ تصدق جیلانی کا سب سے متنازع عمل زرداری کے سوئس بینک اکاؤنٹس کی سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے بینچ کو چھوڑنا تھا جس کے نتیجے میں بینچ ٹوٹ گیا تھا، بینچ چھوڑنے کے لیے بہانہ بیماری کو بنایا گیا تھا لیکن اسی شام اسے پی سی لاہور میں کافی پر گپ شپ کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ تصدیق جیلانی یقینی طور پر چھ ججوں کے خط کی تحقیقات کا کام انجام دینے والا سب سے مس فٹ شخص ہے اور پی ٹی آئی مشاورت کے بعد کمیشن کی تشکیل کو چیلنج کرے گی۔

Share.

Leave A Reply