وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا بوٹی مافیا کے خلاف بڑا ایکشن کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے بوٹی مافیا گروہ کی حوصلہ شکنی کا فیصلہ کر لیا ہے اور تعلیمی اداروں میں ان کے سہولت کار عناصر کا قلع قمع کرنے کی بھی ٹھان لی ہے۔
میٹرک امتحانات میں بوٹی مافیا کے راج پر وزیر تعلیم سخت برہم تھے، جس پر انہوں نے سخت ایکشن لیتے ہوئے آج چیئرمین لاہور بورڈ کو معطل اور کنٹرولر امتحانات کو عہدے سے ہٹا دیا۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ بورڈ امتحانات میں شفافیت کو یقینی رکھنے کیلیے یہ اقدام ضروری تھا، اگلے مرحلے میں غفلت برتنے والے دیگر عملے کی باری ہے۔
امتحانات میں نقل ناقابل قبول ہے، اور امتحانات کی شفافیت کو یقینی رکھنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ شفاف امتحانات ہماری ریڈ لائن ہیں، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کی ہدایت پر کمشنر لاہور کو بورڈ کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے۔