سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نئی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن سے رجوع کرلیا۔
ڈان نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) سے راہیں جدا کرنے والے شاہد خاقان عباسی الیکشن کمیشن پہنچ گئے، شاہد خاقان عباسی نے سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے کوائف الیکشن کمیشن میں جمع کرادئیے۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے الیکشن کمیشن کو تمام مطلوبہ دستاویز فراہم کردی ہیں، الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق سیاسی جماعت رجسٹرڈ کروا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آئندہ انتخابات میں نئی سیاسی جماعت کے تحت الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے۔
واضح رہے کہ یکم فروری 2023 کو شاہد خاقان عباسی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ مریم نواز کو ’اوپن فیلڈ‘ ملنی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا تھا کہ میں نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ جب مریم نواز چیف آرگنائزر بنی تو پارٹی کے صدر شہباز شریف کو دے دیا تھا۔
سابق وزیراعظم نے کہا تھا کہ میں پارٹی کا عہدہ دوبارہ قبول نہیں کروں گا، پارٹی نے بے پناہ عزت دی ہے، لاہور سے انتخاب کے لیے میاں صاحب نے خاص طور پر اس کا بندوبست کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) میرا گھر ہے، 35 سال سے اس جماعت میں ہوں، اس جماعت نے مجھے ملک کی اولین پوزیشن پر پہنچایا اور اگلا الیکشن مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر لڑوں گا۔
خیال رہے کہ روزنامہ ’جنگ اخبار‘ کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور ملک کی بہتری کے لیے ’ری امیجننگ پاکستان‘ کے فورم سے پاکستان کی فلاح و بہبود کا پیغام پھیلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شاہد خاقان عباسی، سینئر رہنماؤں سے مشاورت کے بغیر مریم نواز کو پارٹی میں اعلیٰ عہدہ دینے پر نالاں تھے۔