اڈیالہ جیل میں عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے جانے والے پی ٹی آئی کارکنان جیل کی ویڈیوز بنانے کے الزام میں زیر حراست

Pinterest LinkedIn Tumblr +

شہزاد ملک، بی بی سی اُردو ڈاٹ کام اسلام آباد

روالپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر احتجاج کرنے اور ویڈیوز بنانے کے الزامات کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے چھ کارکنوں کو حراست میں لے لیا ہے۔

اڈیالہ جیل حکام کے مطابق یہ افراد عید کے روز جیل میں مقید سابق وزیراعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے یہاں پہنچے تھے۔

گرفتاری کے بعد جیل انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مظاہرین جیل کے گیٹ نمبر پانچ کے سامنے کھڑے ہو کر جیل کی ویڈیوز بنا رہے تھے۔ پولیس نے ویڈیو بنانے والے کارکنوں کو حراست میں لے کر اڈیالہ جیل چوکی منتقل کر دیا ہے تاہم ان زیرحراست افراد کے خلاف کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔

جیل حکام کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان گیٹ نمبر ایک پر احتجاجی مظاہرے کے بعد جیل کے گیٹ نمبر پانچ گئے تھے اور جیل رولز کے مطابق غیر متعلقہ افراد کا جیل اور اس کے اطراف کی ویڈیوز بنانا قابل تعزیر جرم ہے۔

دوسری جانب سابق وزیر اعظم کی اہلیہ بشری بی بی کی عدالتی احکامات پر عید کے روز ان کے شوہر سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کروائی گئی ہے۔

جیل حکام کے مطابق یہ ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی جس کے بعد بشری بی بی کو بنی گالہ میں واقع سب جیل واپس منتقل کر دیا گیا۔

Share.

Leave A Reply