’دغا باز دل‘: مہوش حیات کا انڈین گلوکار یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ گانے کے بعد پاکستانی فلم میں ’بے باک‘ لڑکی کا روپ

Pinterest LinkedIn Tumblr +

پاکستانی اداکارہ مہوش حیات اس عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی واحد پاکستانی فلم ’دغا باز دل‘ میں مرکزی کردار نبھاتی ہوئی نظر آئیں گی۔ ڈائریکٹر وجاہت رؤف کی پانچویں فلم ’دغا باز دل‘ میں ان کے ساتھ اداکار علی رحمان خان بطور ہیرو نظر آئیں گے۔

اس فلم میں مہوش کے کردار کا نام زویا ہے جو بقول مہوش کے ایک ’بے باک‘ لڑکی ہے جو اپنے آپ سے بہت محبت کرتی ہے اور زندگی اپنی مرضی سے گزارنا چاہتی ہے۔

مہوش کہتی ہیں کہ ’یہ کردار مزے سے بھرپور ہے۔ فلم ایک مکمل پیکج ہے۔ اس میں آپ کو رومانس، ڈرامہ، ٹریجڈی، مصالحہ اور تھوڑا سا ایکشن بھی ملے گا۔ یہ فلم آپ اپنے گھر والوں اور دوستوں کے ساتھ عید پر انجوائے کر سکتے ہیں۔‘

اس سے پہلے مہوش نے جتنی فلموں میں کام کیا ان میں زیادہ تر کہانیاں شادی کے گرد گھومتی رہیں۔ ’دغا باز دل‘ میں بھی ایک بہت بڑی پنجابی فیملی کی شادی دیکھنے کو ملے گی۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مہوش نے بتایا کہ شادی ہمارے معاشرے کا ایک بہت اہم حصہ ہے۔

’شادی ہماری زندگیوں کا ایک اہم حصہ ہے۔ اسی لیے ہماری فلموں میں شادی کا فارمولا کافی چلتا ہے۔ مجھے لگتا ہے میں بھی شاید اس سے کبھی بور نہیں ہوں گی کیونکہ اسے پرفارم کرنے میں بھی بڑا مزا آتا ہے۔‘

ہمایوں سعید، فہد مصطفٰی کے ساتھ ایک سے زائد فلمیں کرنے کے بعد اس بار مہوش علی رحمان خان کے ساتھ بڑے پردے پر نظر آئیں گی، جن کے ساتھ وہ پہلی مرتبہ کام کر رہی ہیں۔

مہوش کا کہنا ہے کہ انھیں علی کے ساتھ کام کرنے میں مزا آیا۔

’میں مختلف اداکاروں کے ساتھ کام کرنا چاہتی ہوں۔ علی میرا بہت اچھا دوست ہے اور ہم کافی وقت سے ساتھ کام کرنا چاہتے تھے۔‘

پاکستانی سنیما کی بحالی کے بعد سے مہوش نے کئی ہٹ فلموں میں کام کیا اور بحیثیت فلم سٹار اپنا لوہا منوایا۔

البتہ سنہ 2020 میں جب کورونا کی وجہ سے دنیا بھر کا نظام متاثر ہوا وہیں، فلمیں بننا بھی بند ہوگئیں۔ اس وقت مہوش کو اپنا پہلا ہالی وڈ پراجیکٹ ’مس مارول‘ آفر ہوا، جس کی چند اقساط میں ہم نے انھیں فواد خان کے ساتھ دیکھا۔ لوگوں نے فواد کے ساتھ ان کی آن سکرین کیمسٹری کو کافی سراہا۔

مہوش حیات

مہوش کے مطابق ’فواد کے ساتھ کام کیا تو مجھے ایسا نہیں لگا کہ میں پہلی بار کام کر رہی ہوں۔ ہماری کیمسٹری کافی اچھی تھی جو سکرین پر بھی لوگوں کو پسند آئی۔ بڑے عرصے سے سب ہمیں ساتھ کام کرنے کا کہہ رہے تھے۔ اب ہمیں ساتھ پردے پر دیکھ کر مزید کام کرنے کا کہہ رہے ہیں۔‘

حال ہی میں مہوش نے اپنے فینز کو سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ انھوں نے انڈین گلوکار اور میوزک پروڈیوسر یو یو ہنی سنگھ کے ساتھ بھی کام کیا۔

بی بی سی اردو سے خصوصی گفتگو کے دوران مہوش نے بتایا کہ دونوں نے ساتھ ایک گانا گایا ہے۔

مہوش کا کہنا ہے کہ ’ہم کافی عرصے سے یہ پلان کر رہے تھے۔ بالآخر ہم نے دبئی میں یہ گانا ریکارڈ کر لیا۔ بس اب اسے ریلیز کرنے کا انتظار ہے۔‘

اس گانے کے ساتھ ساتھ مہوش اپنے پروڈکشن ہاؤس ’پنک لامہ فلمز‘ کے لیے بھی مواد تیار کرنے اور عالمی اداکاروں کے ساتھ مل کر کر نے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

ان کے مطابق ’مغرب میں مسلمانوں اور پاکستانیوں کو بہت ’مس ریپریزنٹ‘ کیا گیا اور میں نے اکثر اوقات اس حوالے سے بات کی ہے لیکن مجھے یہ احساس ہوا کہ صرف باتوں سے کچھ نہیں ہو گا۔ مجھے اس کے لیے کچھ کرنا ہوگا۔ یہی سوچ کر میں نے اپنے پروڈکشن ہاؤس کا آغاز کیا۔ ان پراجیکٹس کا مقصد مسلمانوں کی صحیح نمائندگی کرنا ہے۔‘

مہوش حیات کا کہنا ہے کہ جب انھیں سنہ 2012 میں تمغہ امتیاز سے نوازا گیا تو انھیں ’آنر شپ‘ اور اپنی ذمہ داری کا مزید احساس ہوا، جس کے بعد انھوں نے مزید کام کیا۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مہوش نے بتایا کہ ’مجھے جب ایوارڈ ملا تو میری تمام چھ فلمیں سپر ہٹ بلاک بسٹرز تھیں۔ میں نے ہمیشہ مختلف پلیٹ فارمز پر پاکستان کی بات کی ہے اور ہمیشہ ملک کی بہتری کے لیے کام کیا ہے۔‘

Share.

Leave A Reply