ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہا ہے کہ ایران نے اپنے ہمسایہ ممالک کو اسرائیل پر جوابی حملوں کے بارے میں 72 گھنٹے پہلے ہی مطلع کر دیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اپنی کارروائیوں سے تقریبا 72 گھنٹے قبل ہم نے خطے میں اپنے دوستوں اور ہمسایوں کو آگاہ کیا تھا کہ اسرائیل کے خلاف ایران کا ردعمل یقینی، جائز اور ناقابل تنسیخ ہے۔‘
انھوں نے یہ بھی کہا کہ ایران نے غیر ملکی سفیروں کے ساتھ ملاقات کے دوران امریکہ کو آگاہ کیا کہ اسرائیل کے خلاف اس کے حملے ’محدود‘ اور اپنے دفاع کے لیے ہوں گے۔