پاکستان کے سابق ٹیسٹ بیٹسمین ناصر جمشید نے کہا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ میری غلطی تھی جسے میں قبول کرتا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور میچ فکسنگ میں 10 سال کی پابندی کا سامنا کرنے والے ناصر جمشید نے بالآخر 7 سال بعد اپنی غلطی تسلیم کر لی ہے۔
ناصر جمشید نے سوشل میڈیا پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ میں اپنے کیے پر شرمندہ ہوں اور خود کو معاف نہیں کر پاؤں گا۔
واضح رہے کہ 2017 میں ناصر جمشید کا نام بطور میچ فکسنگ سامنے آیا تھا، پی ایس ایل اور بی پی ایل میں انہیں اسی جرم کی پاداش میں 10 سال کے لیے کرکٹ کے میدان سے دور کر دیا گیا تھا، اس پابندی کے ساتھ ہی ان کے کیرئیر کا اختتام ہو گیا تھا۔
ناصر جمشید کو پیسے کی ہوس کی وجہ سے انگلینڈ میں بھی 17 ماہ قید کی سزا دی گئی تھی۔پاکستان کے سابق اوپنر ناصر جمشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی بیٹی کی ایک ویڈیو بھی شیئر کی ہے اور کہا ہے کہ میں اپنی بیٹی کو کرکٹر بناؤں گا۔