سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی خلاف ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے کی سماعت کے لیے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قائم کمرہ عدالت کے نقشے کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے اس کمرے میں سیکورٹی انتظامات کو بھی سخت کر دیا گیا ہے۔
کمرہ عدالت میں تین شیشے اور لکڑی کی دیواروں کی اونچائی نو فٹ کر دی گئی ہے۔ میڈیا باکس میں کوریج کے لیے نئے ایس او پیز کا حکم نامہ چسپاں کر دیا گیا اور ایس او پیز کے مطابق میڈیا بانی پی ٹی آئی عمران خان اور وکلا سے کمرہ عدالت میں سوال نہیں کر سکے گا۔
ایس او پیز کے مطابق سوال کرنے والے میڈیا نمائندگان کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا جائے گا۔ سوال کرنے والے میڈیا نمائندگان پر دوبارہ جیل داخلے پر پابندی ہو گی۔
میڈیا باکس میں کیمرہ بھی نصب کر دیا گیا ہے۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات جیل کو سیکیورٹی تھریٹ ملنے کی بنیاد پر کیے گئے ہیں۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف ایک سو نوے ملین پاؤنڈ کے مقدمے کی سماعت جمعرات کو ہو گی۔