پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج شام چار بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو گا۔ ترجمان قومی اسمبلی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت آصف علی زرداری خطاب کریں گے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ صدر مملکت ہر سال پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہیں۔ صدر مملکت کا خطاب کا جہاں ایک قانونی پہلو ہے وہیں یہ ایک پارلیمانی روایت کی صورت بھی اختیار کر چکا ہے۔
اس خطاب کو سننے کے لیے اہم آئینی، انتظامی اور عسکری شخصیات بھی مدعو کی جاتی ہیں۔
ماضی میں متعدد بار ایسا بھی ہوا کہ جب صدر مملکت پارلیمنٹ سے خطاب کرنے آئے تو اپوزیشن جماعتوں نے اپنا احتجاج بھی ریکارڈ کروایا۔
اس اجلاس میں کون کون مدعو ہے؟
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں چیف جسٹس آف پاکستان، صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کو شرکت کے دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔
مشترکہ اجلاس میں شرکت کے لیے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی سمیت تینوں سروسز چیفس کو خصوصی دعوت دی گئی ہے۔
مشترکہ اجلاس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر، گورنر اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
مشترکہ اجلاس میں چاروں صوبائی سپیکرز، سپیکر آزاد جموں کشمیر اور سپیکر گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ مشترکہ اجلاس کی کوریج کے لیے میڈیا کے نمائندوں کو بھی خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے۔
مشترکہ اجلاس کے موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس میں داخلے کے لیے خصوصی دعوت نامے کا ہونا ضروری ہے۔