پاکستان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں ہر سطح پر ججز کو کھلے عام ہراساں کرکے عدالتوں کو کینگرو کورٹس میں بدلا جارہا ہے۔
ترجمان تحریک انصاف نے راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت کے ایک جج کے خلاف حکومتی ریفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’اہلِ طاقت، ان کی باج گزار انتظامیہ اور ان کی کٹھ پتلی سیاسی اشرافیہ باہم یکجا ہوکر عدل کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے میں مصروف ہیں۔‘
ترجمان کے مطابق سپریم کورٹ سے لیکر ذیلی عدالتوں تک ہر سطح کے ججز کو کھلے عام ہراساں کرکے عدالتوں کو کینگرو کورٹس میں بدلا جارہا ہے۔
ترجمان کے مطابق سیاسی انتقام کا نشانہ بننے والے تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کے مقدمات کی سماعت کرنے والے ججز جس سطح پر بھی ریاست کے خفیہ ایجنٹوں کی ’ڈکٹیشن‘ کی بجائے قانون کی روشنی میں فیصلوں پر اصرار کرتے ہیں انھیں نشانہ بنایا جاتا ہے۔
ترجمان کے مطابق خفیہ آڈیو ویڈیوز، ریفرنسز، الزام و دشنام کی ریاستی مہمات اور اہلِ خانہ اور رشتہ داروں کے خلاف اغوا و تشدد کو بطور ہتھیار استعمال کرکے ججوں کو خوف کی نکیل ڈالی جارہی ہے۔
ترجمان نے اپیل کی کہ وکلا برادری خصوصاً نمائندہ تنظیمات اور بار کونسلز عدلیہ کی تباہی کے اس منظم سلسلے کی راہ روکنے کے لیے آگے آئیں۔