ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی کراچی آمد، استقبال کیلئے گورنر، وزیراعلیٰ سندھ ایئرپورٹ پر موجود

Pinterest LinkedIn Tumblr +

ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی پہنچ گئے جب کہ
ان کے استقبال کے لیے گورنر ، وزیراعلیٰ سندھ سمیت دیگر اہم شخصیات کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔

ایرانی صدر لاہور سے کراچی آمد پر کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

قبل ازیں ایرانی صدر آج اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا تھا، انہوں نے ایرانی صدر سے پنجاب کابینہ کے اراکین کا تعارف کرایا۔

بعد ازاں ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے مزار اقبال پر حاضری دی، ایرانی صدر نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

اس موقع پر ان کا کہنا تھا پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، پاکستان آکر خوشی ہوئی یہاں اجنبی سا احساس نہیں ہوا، ہم غزہ سےمتعلق اصولی مؤقف پر پاکستان کو سراہتے ہیں، میری خواہش تھی پاکستان میں عوامی جلسہ کرتا مگر کچھ وجوہات کی وجہ سے پاکستان میں عوامی جلسہ نہیں کرسکا، پاکستانی عوام جذباتی اور مذہبی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران دوستی کوہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے، پاکستان اور ایران کے درمیان گہرا تعلق ہے، میں پاکستان کی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، علامہ اقبال کی شخصیت ہمارے لیے اہم ہے وہ استعمار کے خلاف کھڑے ہوئے تھے، ان کی الہام بخش شخصیت تھی وہ خدا کے لیے جیتے تھے اور خدا کے لیے عمر گزارتے تھے یہی وجہ ہے کہ ہم ان کے قائل ہیں، ہمارے دل ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ جڑے رہیں گے۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ اسرائیل سے جنگ میں فلسطینی کامیاب ہوں گے، فلسطینیوں پر ظلم کرنے والوں کو شکست ہوگی۔

بعد ازاں ایرانی صدر گورنر ہاؤس پنجاب پہنچے،گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے ایرانی صدر کا استقبال کیا، ایرانی صدر نے مختلف شخصیات سے ملاقات کی، گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔

ایرانی صدر کا گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا دورہ
اس کے علاوہ ایرانی صدر نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا دورہ کیا جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

جی سی یونیورسٹی میں آمد پر وائس چانسلر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے ایرانی صدر کو گلدستہ پیش کیا۔

یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان توانائی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مستقبل میں مزید بڑھایا جائے گا۔

Share.

Leave A Reply