پاکستان کے وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو ملک کا نائب وزیرِاعظم مقرر کر دیا ہے۔
اتوار کو کابینہ ڈویژن سے جاری ایک نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیرِاعظم شہباز شریف نے وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کو فوری طور پر تاحکمِ ثانی پاکستان کا نائب وزیرِاعظم مقرر کر دیا ہے۔
خیال رہے اس وقت وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار وزیرِاعظم شہباز شریف کے ساتھ سعودی عرب میں موجود ہیں جہاں وہ عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔
اسحاق ڈار کون ہیں؟
سینیٹر اسحاق ڈار پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنماؤں میں شمار ہوتے ہیں۔ انھوں نے اپنے کیریئر کا آغاز سرکاری اور نجی شعبے میں چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ کے طور پر کیا اور 1980 کی دہائی میں سیاست میں قدم رکھا۔
ماضی میں انھیں ن لیگ کی حکومتوں میں وزیر خزانہ کی ذمہ داری سونپی جاتی رہی ہے۔ تاہم اس بار ان کی جگہ محمد اورنگزیب کو وزیر خزانہ بنایا گیا۔
اسحاق ڈار کو موجودہ دور میں وزیر خارجہ کی ذمہ داری ایک ایسے وقت میں ملی جب ملک کو معاشی، سفارتی اور سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔
وہ جماعت کے قائد نواز شریف کے قریبی رشتہ دار ہیں اور چار مرتبہ ملک کے وزیر خزانہ رہ چکے ہیں۔
اسحاق ڈار پہلی مرتبہ 1998 میں نواز لیگ کے دور میں وفاقی وزیر خزانہ بنے۔ 2013 میں نواز لیگ کی حکومت میں ایک بار پھر وہ وزیر خزانہ بنے۔
تاہم 2017 میں نواز شریف کی سپریم کورٹ سے نا اہلی کے بعد جب شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم بنے تو مفتاح اسماعیل کو وزیر خزانہ بنایا گیا۔
اپریل 2022 میں تحریک انصاف کی حکومت کے خاتمے کے بعد شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ کے پہلے پانچ مہینوں تک مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ رہے تاہم ستمبر 2022 کے آخر میں اسحاق ڈار ایک بار پھر وزیر خزانہ بنے۔