فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایف بی آر نے انکم ٹیکس کا اہل ہونے کے باوجود ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
ٹیکس ادا اور فائل نہ کرنے والوں کی سم بلاک کردی جائے گی اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری کردیا۔
ایف بی آر نے یہ احکامات انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 114 بی کے تحت جاری کیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ٹیکس فائل نہ کرنے والے نان فائلرز کی حتمی فہرست مرتب کرنے کا آغاز کردیا تھا۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے ٹیکس وصولی کا دائرہ کار وسیع کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور اسی سلسلے میں ایف بی آر نے فیصلہ کیا تھا کہ جون 2024 تک 15 سے 20 لاکھ نئے ٹیکس دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے گا۔
ٹیکس نیٹ کی توسیع کے حوالے سے ایف بی آر نے ڈسٹرکٹ ٹیکس کے 145 دفاتر بھی قائم کیے تھے اور ریوینو بورڈ کو نان فائلرز کے بجلی اور گیس کے کنکشنز منقطع اور موبائل سم بلاک کرنے کے اختیار دے دیے تھے۔
گزشتہ سال ایک رپورٹ میں اس بات کا بھی انکشاف ہوا تھا کہ ایف بی آر کے 10 ہزار سے زائد ملازمین گزشتہ دو سال کے دوران انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرنے والوں (نان فائلرز) میں شامل ہیں۔