سکھر: وزیرداخلہ کا پاسپورٹ آفس کا دورہ، 12 سال سے عمارت زیر تعمیر ہونے پر اظہار برہمی

Pinterest LinkedIn Tumblr +

لاہور کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکھر میں پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر کا بغیر اطلاع دیے اچانک دورہ کیا اور پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے زیر تعمیر عمارت کو مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بغیر اطلاع دیے اچانک دورے پر پاسپورٹ آفس اور نادرا سینٹر سکھر پہنچے، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی شہری کے پاس شناختی کارڈ دیکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سکھر شہر کے اندر اور روہڑی میں 3 ماہ کے اندر 2 نئے نادرا دفاتر بنائے جائیں گے، پاکستان بھر میں نادرا سینٹرز پر 30 منٹ سے زیادہ شہریوں کو انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔

وفاقی وزیرداخلہ نے پاسپورٹ آفس کی 12 برس سے رکی ہوئی عمارت کو مکمل نہ کرنے پر برہمی کا اظہار کیا اور عمارت کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔

محسن نقوی نے پاسپورٹ آفس سکھر کی کرائے کی خستہ حال عمارت، وہاں صفائی کے ناقص انتظام کے حوالے سے سیکریٹری داخلہ کو ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ پاسپورٹ آفس اس ابتر عمارت میں کسی طرح قابل قبول نہیں، شہریوں کی سہولت کے لیے پاسپورٹ آفس شہر کے مرکز میں ہونا چاہیے۔

انہوں نے پاسپورٹ آفس موجود شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے اور پاسپورٹ بنوانے کے لیے آئی خواتین سے بھی گفتگو کی۔

ایک خاتون نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج کے لیے جانا ہے، پنو عاقل سے آئی ہوں، کسی نے پیسےنہیں لیے، ایک اور نوجوان نے کہا کہ روس جانے کے لیے پاسپورٹ بنوا رہا ہوں۔

بعد ازاں وفاقی وزیرداخلہ پاسپورٹ آفس کے بعد سبزی منڈی کے قریب نادرا سینٹر پہنچے تو شہر سے دور نادرا سینٹر میں رش تھا، خواتین، بزرگ اور معذور شہری گھنٹوں سے اپنی باری کے انتظار میں کھڑے تھے۔

چئیرمین ضلع کونسل و لارڈ میئر سکھر سید کمیل حیدر شاہ نے نادرا دفاتر کے لیے سکھر شہر اور روہڑی میں اراضی دینے کا اعلان کیا جس پر محسن نقوی نے چئیرمین ضلع کونسل سکھر کا شکریہ ادا کیا ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ سکھر شہر کے اندر آور روہڑی میں 2 سے 3 ماہ کے اندر دفتر مکمل کرائی گے۔

Share.

Leave A Reply