پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے لیے سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سفری ہدایات جاری کر دیں۔
’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ترجمان پی ائی اے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں کے باعث دبئی اور شارجہ کے لیے فضائی آپریشن شدید متاثر ہے، پی ائی اے سمیت دیگر ایئر لائنز کا فضائی آپریشن تاحکم ثانی معطل رہے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ قومی ایئر لائن کی کچھ پروازوں کو خراب موسم کی وجہ سے تاخیر اور منسوخی کا سامنا ہے۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے کو اپنے مسافروں کی پیش آنے والی مشکلات کا بھرپور احساس ہے، صورتحال بحال ہوتی ہی پی آئی اے اپنے فضائی آپریشن کا فی الفور آغاز کر دے گا۔واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں گزشتہ چند روز کے دوران شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تھا، طوفانی بارش کے باعث ایئرپورٹس اور اماراتی ایئرلائنز کا نظام شدید متاثر ہوگیا تھا، سیکڑوں عالمی پروازیں بھی متاثر ہو گئی تھیں۔