وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔
وفاقی کابینہ کے جلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا ایک وفد آیا تھا، اس کابینہ اجلاس کے بعد تمام معزز حکام کے لیے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے، جنہوں نے اس کو کامیاب بنانے کے لیے بے پناہ محنت کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفد کے مہمان خصوصی انہوں نے جتنی تعریف آپ لوگوں کی ہے، میرا دل خوشی سے باغ باغ ہوگیا۔
شہباز شریف کے مطابق وفد کا کہنا تھا کہ جب کل ہمارا کابینہ اراکین کے ساتھ رابطہ ہو رہا تھا تو آپ کے وزرا نہ صرف وہاں پر مکمل طور پر موجود تھے بلکہ ہر قدم پر گائیڈ کر رہے تھے، وفد نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوشگوار حیرانگی تھی، ہم نے اس طرح کا تجربہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وفد نے بتایا کہ ہم بڑی خوشی کے ساتھ واپس جا رہے ہیں، کہا کہ ہم واپس جا کر رپورٹ کریں گے کہ ہم نے پاکستان میں نیا دور دیکھا ہے، اور جس اعتماد کے ساتھ آپ کی ٹیم نے پریزنٹیشن دی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے حوصلہ افزا خبر تھی۔
شہباز شریف نے کابینہ اراکین کو کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں، دل کی گہرائیوں سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔